i پاکستان

ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان میں حملے کی تیاری کررہا ہے،خواجہ آصفتازترین

April 25, 2025

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان میں حملے کی تیاری کررہا ہے، بھارت کالعدم ٹی ٹی پی کے ذریعے اہم شہروں کو نشانہ بنائے گا، دہشتگردوں کو آئی ای ڈیز اور دیگر ہتھیار بھی فراہم کررہا ہے، اگر بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم کرے گا تو پھر ہم کیوں شملہ معاہدہ لے کر بیٹھے رہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی نوبت آئے گی، ہمارے پاس نان نیوکلیئر ہتھیار بھی کم نہیں وہ بھی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،ابھی نندن کو چائے پلانے کیلئے بھی ہم نان نیوکلیئرہتھیار استعمال کئے تھے۔طالبان بھارتی ایجنٹ ہیں اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بی ایل اے بھی بھارت نواز جماعت ہے جو وہاں سے فنڈز حاصل کرتی ہے، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کی جارہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا اگر بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم کرے گا تو پھر ہم کیوں شملہ معاہدہ لے کر بیٹھے رہیں

آج شملہ معاہدے سے پاکستان کو کم اور بھارت کو زیادہ فائدہ ہے، سندھ طاس معاہدے کے مطابق بھارت جو بھی ڈیم بناتااس کی انسپکشن ہوتی تھی، لیکن پچھلے 15سال سے بھارت کی جانب سے انسپکشن نہیں کرنے دی جارہی۔بھارت کی جانب سے پانی روکا جاتا ہے تو یہ جنگ کے مترادف ہے۔گجرات کا قصائی ملک کو جنگ کی طرف لے جارہا ہے۔بھارت طالبان کو ہتھیار سپلائی کرکے پاکستان میں حملے کیلئے تیار کررہا ہے، ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان میں حملے کی تیاری کررہا ہے، رپورٹس ہیں کہ بھارت آئی ای ڈیز اور دیگر ہتھیار فراہم کررہا ہے، رپورٹس ہیں کہ بھارت کالعدم ٹی ٹی پی کے ذریعے اہم شہروں کو نشانہ بنائے گا، یہ پہلی بار نہیں ماضی میں بھی بھارت دہشتگرد کاروائیاں کرتا رہا ہے۔اشرف غنی دور میں افغانستان میں بھارت کی کئی قونصلیٹ تھیں، بھارت ان قونصلیٹ کے ذریعے دہشتگردوں کو فنڈز اور اسلحہ فراہم کرتاتھا، بھارت میں مودی کی حکومت ہے اوہ گجرات کی ذہنیت لے کر چل رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی