وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ معرکہ حق پاکستان کی عظیم فتح ہے، فیلڈمارشل نے دکھایا جنگیں کیسے لڑی جاتی ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نیویارک میںبنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک بنگلادیش تعلقات مزیدبہتری کی طرف جائیں گے، بنگلادیش سے تجارت اورسفارتی تعلقات بڑھائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی اللہ تعالی کے فضل وکرم سے عظیم فتح ہے، الحمداللہ پوری دنیانے دیکھاکہ ہم نے بھارت کو شکست فاش دی، افواج پاکستان نے دلیری، بہادری اورشجاعت کے باعث بھارت کا غرور کو خاک میں ملایا۔شہبازشریف نے کہا کہ افواج کی بہترین ٹریننگ، ائیرفورس اور ائیرچیف نے بھارت کو گھمنڈ پاش پاش کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے قیادت کی، انہوں نے پوری دنیا کو دکھایاکہ کسی جنگیں لڑی جاتی ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ فلسطین سے متعلق مشترکہ اعلامیہ آگیا۔ عمل کیسے کرنا ہے اس پر بات ہوگی ۔
غزہ میں جلد سیز فائر ہوگا۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی 80 اجلاس کی سائیڈ لائن پر دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں تعلقات بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے خوشگوار ماحول میں گرم جوشی سے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات میں کثیر الجہتی تعاون بالخصوص تجارت، علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے لوگوں کے باہمی تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے باہمی عزت و رواداری، باہمی اعتماد اور علاقائی تعاون و ترقی جیسے مشترکہ مقاصد پر مبنی پاکستان بنگلہ دیش تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے باہمی سفارتی تعلقات میں بہتری اور پاکستان کے کردار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے باہمی تجارت اور ثقافتی تعلقات کو بہتر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی