i پاکستان

لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں، کسی کو پرواہ نہیں، شیخ رشید احمدتازترین

November 16, 2024

عوامی مسلم لیگ کے سریراہ اورسابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں،24 نومبر کے احتجاج کی کال پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا، اصل مسائل کی طرف آئیں۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میرے اوپر 14 مقدمات ہیں، اسلام آباد میں ایک مقدمے میں کل بری ہوا ہوں، میرے اوپر راولپنڈی میں 14 مقدمات بنائے گئے سب میں پیش ہو رہا ہوں، امید ہے میں مقدمات میں سرخرو ہوں گا۔ تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے ساتھ صرف ایک شخص کی دوستی ہے اور وہ عمران خان ہے، اس کے ساتھ میں کھڑا تھا، کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، 24 نومبر کا پاکستان تحریک انصاف سے پوچھیں، مجھ نہ سوال کریں، اصل مسائل کی طرف آئیں، لوگ مہنگائی سے مر رہے ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں۔ شیخ رشید کا مزیدکہنا تھا کہ حکمران آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہیں، آئی ایم ایف کی وجہ سے جو غریب عوام پر عذاب نازل ہوگا وہ دیکھنا پڑے گا، حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، یہ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی ان سے نفرت کرتا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، جن لوگوں نے ان سے کام لینا تھا لے لیا اب گولی اندر اور چوہا جالندھر ہوگیا، ہو سکتا ہے قومی حکومت وجود میں آ جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی