لاہور میں بچے چرانے والی ایک عورت پارک میں معذور بچے کو وھیل چیئر سمیت لے کر فرار ہو گئی، تاہم ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے 10 سالہ بچے کو بازیاب کرا لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق گریٹر اقبال پارک لاہور میں ایک فیملی سیر و تفریح کے لیے آئی ہوئی تھی، فیملی کے ساتھ وھیل چیئر پر ایک معذور بچہ بھی موجود تھا، اسی دوران ایک نامعلوم عورت معذور بچے کو کھیلنے کا بہانہ بنا کر فیملی سے لے گئی اور فرار ہو گئی۔یہ واقعہ گزشتہ رات تقریبا 11 بجے پیش آیا، بچے کی والدہ نے ڈولفن فرینڈلی پیٹرولنگ یونٹ کو فوری طور پر آگاہ کرتے ہوئے بچے کے اغوا کا بتایا، جس پر فرینڈلی ڈولفن نے فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کر دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بادشاہی مسجد کے قریب سے حادیہ نامی ملزمہ کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے 10 سالہ موحد کو بازیاب کرا لیا گیا۔ ملزمہ وھیل چیئر پر بیٹھے بچے کو گریٹر اقبال پارک سے باہر لے گئی تھی لیکن بادشاہی مسجد کے پاس پکڑی گئی۔بعد ازاں دس سالہ موحد کو بہ حفاظت والدہ کے حوالے کر دیا گیا، ترجمان نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزمہ ریکارڈ یافتہ ہے، سیالکوٹ میں بھی اس کے خلاف 2 مقدمات درج ہیں، ملزمہ 2 ماہ قبل سیالکوٹ جیل سے رہا ہوئی تھی۔ریکارڈ یافتہ عورت کے موبائل سے پولیس کو کئی مشکوک ویڈیوز بھی ملیں، ملزمہ حادیہ کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی