اپنے ہی دوست پر شک کی بنیاد پر تشدد کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسلام پورہ پولیس نے ایک کارروائی کرتے ہوئے تشدد کی وڈیو وائرل کرنے والے ملزمان کو دھر لیا۔ ملزمان نے شہری عاطف عرف عاطو کو تشدد کے دوران مرغا بنایا اور ہراساں کرنے کے لیے زمین پر فائرنگ کرتے رہے۔ وڈیو وائرل ہونے پر ایس پی سٹی کی جانب سے فوری ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا گیا، جس پر ایس ایچ او اسلام پورہ نے ٹیم کے ہمراہ واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزمان آپس میں دوست تھے جو شک کی بنیاد پر پرانے دوست پر تشدد کرتے رہے۔گرفتار ملزمان میں ریحان ،طلحہ اور سلمان شامل ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی کیپٹن(ر)قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ شہریوں پر تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی