i پاکستان

لاہور ہائیکورٹ،اسکول ٹیچر سے زیادتی کے ملزم کی سزا کالعدم، رہائی کا حکمتازترین

May 03, 2024

لاہور ہائی کورٹ نے اسکول ٹیچر سے زیادتی کے ملزم کی 14 سال کی سزا کالعدم قرار دے دی اور ملزم امجد علی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس امجد رفیق نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) پانچ روز بعد درج ہوئی، متاثرہ اسکول ٹیچر نے تین روز تک کسی کو وقوعے کے بارے میں نہیں بتایا۔ فیصلہ کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو واقعے کی فوری اطلاع بھی نہیں کی، تاخیر سے مقدمے کا اندراج شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ لیڈی ڈاکٹر کے مطابق بھی کوئی نمونہ متاثرہ خاتون کے جسم سے نہیں ملا۔ مزید کہا گیا ہے کہ گواہوں کے بیانات میں بھی تضاد پایا گیا، پراسکیوشن کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ملزم امجد علی کے خلاف تھانہ شور کورٹ میں 2016 میں مقدمہ درج کیا گیا، عدالت ملزم کی 14 سال سزا کو کالعدم قرار دیتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی