i پاکستان

لانگ مارچ ختم کریں آپ کے ساتھ بات کریں گے ،وزیر اعظم کی پی ٹی آئی کو پھر مذاکرات کی پیشکشتازترین

October 06, 2026

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے لانگ مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو آپ کے ساتھ بات کریں گے۔ اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انشااللہ ایک دن یہ شاہراہ کشمیر اور سری نگر پہنچے گی، تاہم سڑکیں، انڈرپاسز اور پل عوام کی سفری سہولیات کیلئے بنائی جاتی ہیں۔ ڈھائی سال کی محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے ملکی معیشت کو اپنے پائو ں پر کھڑا کیا، میکرو اکنامک استحکام بہت مشکل سے حاصل ہوا، یہی قوم کی منشا اور ہر پاکستانی کی آواز ہے کہ پاکستان کو عظیم بنائیں گے، بدقسمتی نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی ہماری کوششیں بار آور ثابت نہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملکی ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری ہے اور دوسری جانب احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینو فیکچرنگ کا شعبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا پہلا نشانہ معیشت ہوگی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کیا ترقی کے پہیے تو دوبارہ جام کرنا ملک دشمنی نہیں، ہوش کے ناخن لیں اور دھرنوں کو ختم کریں، کیا آپ پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو آپ کے ساتھ بات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دھرنوں اور لانگ مارچ کے بھیانک سائے دوبارہ نمودار ہورہے ہیں، اتفاق رائے سے طے کیا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ سے بامعنی، بامقصد مذاکرات کریں، مل بیٹھ کر باہمی بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی سے سپیکر چیمبر میں 2 دن بات چیت کی، امید کی جارہی تھی بات چیت سے مثبت نتائج ظاہر ہوں گے

بلکہ پرامید تھے بات چیت کے بعد دھرنوں کی سیاست کو خیرباد کہا جائے گا، بدقسمتی سے پی ٹی آئی وفد نے طے شدہ چیزوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب معاشی ترقی کا وقت آچکا ہے، پاکستان کے ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے، ملکی ترقی کے پہیے کو دوبارہ جان بوجھ کر جام کیا جارہا ہے، پاکستان کوعالمی سطح پر شہرت ملی، اغیار بھی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ لے گا، منفی پروپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی خود سوچے آپ کی یہ کارروائی فائدہ دے گی یا نقصان؟۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور دھرنے ختم کریں گے تو آپ کے ساتھ بیٹھیں گے، دھرنوں اورلانگ مارچ کی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، عوام کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ، قوم کی منشا ہے کہ پاکستان محنت، امانت اور دیانت کے ساتھ آگے بڑھے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈرپاس کی تعمیر پر ایک ارب 45 کروڑ 48 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد کے مصروف ترین کشمیر چوک پر تین رویہ انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبہ ایک ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ کا مقصد اسلام آباد کی خوبصورتی اور سفری سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کو پلاسٹک فری اور کیش لیس بنانا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی