دیہی مرکز صحت کنگن پور، قصور میں پاک فوج اور سیلانی ٹرسٹ فاونڈیشن کی جانب سے 3 روزہ فری آئی کیمپ اختتام پذیر ہوا ۔فری آئی کیمپ کنگن پور اور اس کے نواحی دیہات کے باسیوں کے لیے آنکھوں کے معیاری علاج کی فراہمی کی غرض سے لگایا گیا۔مجموعی طورپر اس آئی کیمپ میں مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے متعدد مریضوں کی مفت سرجری کی گئی۔ مریضوں کو لینز اور ادویات بھی فراہم کی گئیں،فری آئی کیمپ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اورضلعی انتظامیہ کے تعاون سے لگایا گیا۔فری آئی کیمپ میں متعدد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف صبح سے شام تک سینکڑوں مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کرتے رہے ۔ڈاکٹرز میں سی ایم ایچ لاہور کے ماہرین امراض چشم شامل تھے،کیمپ میں آنکھوں کا جدید آلات سے معائنہ، موتیا کے مریضوں کا مفت آپریشن اور مفت لینز، چشموں اور ادویات کی فراہمی کی گئی دیہی علاقوں کے سینکڑوں افراد فری آئی کیمپس سے مستفید ہوئے،علاقے کے عوام نے پاک فوج کے عوامی بہبود کیلئے اقدامات کو بہت سراہا ۔عوام نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اور پاک فوج کی خدمات پر اظہار تشکر کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی