ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا میں کالی مارکیٹ سیکٹر فائیو جی میں ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول دو سالہ بیٹی کا باپ اور گارمنٹس فیکٹری کا ملازم تھا جبکہ نارتھ کراچی میں فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ رواں سال ڈاکووں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 81 ہوگئی ۔ مقتول کی شناخت 25 سالہ عمران ولد سلیم کے نام سے کی گئی ، مقتول کے سسر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میرا داماد گھر کے باہر دوست کے ساتھ موجود تھا جس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکووں نے نے اسلحے کے زور پر مجھ سے نقدی اور عمران سے موبائل فون چھین لیا۔ ڈاکو موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران ڈاکو ڈاکو کا شور مچ گیا جس پر ڈاکووں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور گولی میرے داماد کو لگی، سفاک ڈاکووں کی فائرنگ نے میری معصوم نواسی کے سر سے باپ کا سایہ ہی چھین لیا۔ عمران کے جاں بحق ہونے پر اہلخانہ میں کہرام مچ گیا خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں جبکہ اہل محلہ کی بڑی تعداد مقتول کی رہائش گاہ پہنچ گئی اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ دوسری جانب نارتھ کراچی محمد شاہ قبرستان کے قریب فائرنگ کے وااقعہ میں 25 سالہ دانش شیخ نامی شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔ ایس ایچ او سرسید افختار احمد نے بتایا مضروب کی جانب سے واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران سسر کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم واقعہ میں پراسراریت ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی