سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے طارق روڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر برطانیہ بھیجنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے گرفتار کیا، ملزمان کنسلٹینسی فرم چلا رہے تھے۔ بیان کے مطابق گرفتار ملزمان نے جعلی ہیلتھ کیئر فرم ظاہر کر کے شہری کو برطانیہ ملازمت کا ویزا دیا، ملزمان نے شکایت کنندہ سے مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے بٹورے جب کہ ملزمان نے جعلی کمپنی کے نام پر مجموعی طور پر 40 شہریوں کو ویزے دیے۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے چیک بکس، اسٹیمپ پیپر، وزیٹنگ کارڈز لیپ ٹاپ، موبائل فون اور متعدد سفری دستاویزات برآمد کر لیے گئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی