شہر قائد میں 4 ماہ قبل ہی ہونے والی پسند کی ایک شادی کا انجام بیوی کے افسوس ناک قتل پر منتج ہوا ،شاہ فیصل کالونی میں ایک شخص نے اپنی نئی نویلی دلہن کو جان سے مار دیا ہے، پولیس نے بیوی کو قتل کرنے والے شوہر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ نے 4 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، تاہم دونوں میں فورا ہی جھگڑے شروع ہو گئے تھے، ان جھگڑوں کے باعث مقتولہ شادی کے بعد بار بار ناراض ہو کر میکے چلی جاتی تھی۔شاہ فیصل پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام جھگڑے کے دوران ملزم نے طیش میں آ کر بیوی پر حملہ کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی۔ادھر کراچی میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، لی مارکیٹ زینب آرکیڈ کی چھٹی منزل سے 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی ہیں، جنھیں تیز دھار آلے سے مارا گیا تھا، پولیس نے گھر کے سربراہ فاروق اور اس کے 2 بیٹوں کو گھر سے حراست میں لے لیا ہے، قتل ہونے والوں میں فاروق کی بیوی، بیٹی، بہو اور نواسی شامل ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں گھر کا قریبی فرد ملوث ہے، گھر کا سربراہ فاروق اور ایک بیٹا ٹرانسپورٹ اور مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی