شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر پر شہری نادرا کے خلاف عدالت پہنچ گیا ۔شہری نے موقف اختیار کیا ہے کہ نادرا حکام تمام ضروری کاغذات اور مکمل کارروائی کے باوجود شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہے۔تفصیل کے مطابق شناختی کارڈ کے اجرا میں مبینہ تاخیر کے خلاف کراچی کے شہری سمید ندیم نے نادرا کے خلاف سٹی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔درخواست شہری کے وکیل عثمان فاروق کے توسط سے جمع کرائی گئی، جس میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ نادرا حکام تمام ضروری کاغذات اور مکمل کارروائی کے باوجود شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے وفاقی محتسب میں بھی شکایت درج کروائی گئی تاہم وہاں سے بھی مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔
وکیل عثمان فاروق کنے کہا کہ درخواست گزار کے خاندان کے تمام افراد کو شناختی کارڈ جاری ہو چکا ہے، جبکہ صرف درخواست گزار کے کاغذات پر بلاجواز شک و شبہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کے پاس والد اور والدہ کے شناختی کارڈز، میٹرک سرٹیفکیٹ سمیت دیگر تمام متعلقہ دستاویزات موجود ہیں۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نادرا کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائی آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسے پاکستان کا شہری قرار دیا جائے، نادرا حکام کی کارروائی کو غیرقانونی قرار دیا جائے اور بغیر کسی رکاوٹ کے شناختی کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی