وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات میں دو طرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا فرانس کے نیشنل ڈے کے استقبالیے میں شرکت پرشکریہ ادا کیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے خسارے والے اداروں کی نجکاری کررہے ہیں۔ پرائیوٹائز ہونے والے سارے اداروں میں منافع کمانے اور بہتر کام کرنے کی صلاحیت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی سے سکھر موٹر وے حکومت کی اولین ترجیح ہے تا کہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے۔ تجارت کے فروغ کے لئے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔ فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان میں قیام خوشگوار ہے اور وہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔نکولس گیلے نے کہا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی میں فرانس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے فرانسیسی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کی دعوت دی جبکہ نکولس گیلے نے عبدالعلیم خان کو فرانس کے دورے اور بزنس ایسوسی ایشن سے ملاقات کی دعوت دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی