نیو کراچی کے علاقے میں رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 4 مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ترجمان کے مطابق رینجرز کو ایک نجی گارمنٹس فیکٹری کے مالک نے اطلاع دی کہ 4 مسلح افراد اسلحے کے زور پر فیکٹری میں داخل ہو کر 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا اور چاروں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں عبدالقادر بگٹی، معشوق علی، غلام حسین اور عبدالحکیم شامل ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،ایک کرولا کار، ایک موٹر سائیکل، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی