کراچی میں پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک اور 5 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک واردات میں ڈاکو سنار سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق مطابق فیڈرل بی ایریا اور سرجانی میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا اور 2 زخمیوں سمیت 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 15میں پولیس مقابلہ ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے،گرفتار ملزمان سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی جب کہ زخمی ہونے والا ڈاکو فیاض اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس نے بتایا کہ سرجانی خدا کی بستی میں ڈاکوئو ں سے ہونے والے مقابلے میں زخمی ڈاکو سمیت اور اس کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا جن سے 3 پستول، موٹرسائیکل اور چھینا گیا سامان ملا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کریم آباد میں اپوا کالج کے قریب ڈاکو سنار سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔کریم آباد جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ کریم آباد کا سنار صدر کی لیب میں سونا لے کر گیا تھا جہاں سونا فروخت کرنے کے بعد واپسی پر کریم آباد میں اپوا کالج کے قریب 4 ملزمان نے سنار کو گھیرے میں لے لیا اور اسلحہ کے زور پر رقم چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے ، ملزمان کی شناخت کے لئے کریم آباد میں اپوا کالج کے قریب سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں جبکہ متاثرہ سونار سے بھی واقعے کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی