کراچی میں مختلف علاقوں میں حادثے اور فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں خاتون سمیت تین افراد شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیل کے مطابق کورنگی ناصر کالونی کی لالا آباد گلی میں گولی لگنے سے 50 سالہ خاتون شمیم زوجہ قاسم زخمی ہو گئیں۔واقعے کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں ہو سکا، تاہم پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ ادھر جیل چورنگی اسٹاپ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 45 سالہ خاتون شازیہ جاں بحق ہوگئیں۔چھیپا حکام کے مطابق خاتون موٹر سائیکل پر سوار تھیں جب ان کا برقع موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئیں۔زخمی حالت میں خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔قصبہ کالونی اسلامیہ کالونی میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولی لگنے سے 18 سالہ لڑکی لائبہ زخمی ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے کہ گولی کہاں سے اور کیسے چلی۔لیاری کے علاقے بغدادی میں علی ہوٹل کے قریب ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان حسنین زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔ زخمی کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔گل بائی پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دی گئی۔چھیپا حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے کی شناخت 28 سالہ واجد علی کے نام سے کی گئی ہے۔ ایک واقعے میں کلفٹن دو دریا کے قریب واقع ایکسپریس وے بس اسٹاپ کے نزدیک سمندر کے کنارے سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان عظیم کے مطابق لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی فوری شناخت کی جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی