i پاکستان

کراچی میں نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغازتازترین

December 31, 2025

کراچی میں نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام اور وزیر بلدیات ناصر شاہ نے ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح کیا۔حکام نے شرجیل انعام میمن کو بسوں کی خصوصیات سے متعلق بریفنگ دی۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ ہم نے عوام سے ڈبل ڈیکر بسوں کا وعدہ کیا تھا، ایسے پروجیکٹ لا رہے ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ ہو۔ابتدائی مرحلے میں تجرباتی بنیادوں پر پانچ بسیں شاہراہ فیصل سے ملیر کینٹ تک چلائی جا رہی ہیں۔اب سے ڈبل ڈیکر بسوں میں عوام سفر کر سکیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر ڈبل ڈیکر بس کا روٹ ملیر سے لیکر شارع فیصل تک رکھا گیا ہے۔ تجربہ بہتر ہوگا تو ڈبل ڈیکر کی بہت بڑی فلیٹ منگوائیں گے، اور 2026 میں ڈبل ڈیکر بسز پورے کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر کا روٹ 22 کلو میٹر پر مشتمل ہے اور اس کا کرایہ 80 سے 120 روپے ہوگا۔کرایہ وہی ہوگا، جو پیپلز بس سروس کا ہے۔ جو مسافر بس میں بیٹھ رہا ہے، اس کے کرائے کا ایک حصہ حکومت ادا کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکیں بہتر ہو رہی ہیں، کے ایم سی اور باقی ادارے دن رات کام میں لگے ہیں۔ کراچی کی سڑکوں کیلیے بہت بڑا پراجیکٹ لا رہے ہیں۔ 9 ارب سے زائد کی رقم سڑکوں کیلیے رکھ رہے ہیں۔ امید ہے مارچ اپریل تک کافی حد تک سڑکوں کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل کے حل اور لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں بہترین ہیں، کیونکہ ان میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش زیادہ ہوتی ہے۔ امید ہے کہ اس سال سندھ بھر میں ڈبل ڈیکر کا بہت بڑا جال بچھا دیں گے۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ ای وی بسیں بھی لا رہے ہیں، 2 سے 3 دن میں نئے روٹ شروع کریں گے جب کہ پنک اسکوٹیز کا بھی دوسرا فیز لے کر آ رہے ہیں۔ جن خواتین کے پاس لائسنس ہے ان کو پنک اسکوٹی دیں گے۔ انکا کہنا تھا کراچی کی سڑکوں کے لیے تمام لوگ مل کر کام کر رہے ہیں، صنعتی علاقوں کے لیے 9 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے جبکہ شاہراہ بھٹو اسٹیٹ آف دی آرٹ کا تحفہ عوام کو دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی