کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو زخمیوں سمیت چار ڈاکو گرفتار کر لئے گئے ،گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول، چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔تفصیل کے مطابق زمان ٹائو ن پولیس کے مطابق کورنگی 51 سی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت عزیز کے نام سے ہوئی۔زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے پستول اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔عزیز آباد پولیس نے کراچی اکیڈمی کے قریب ایک اور مبینہ مقابلے کے بعد تین ڈاکو گرفتار کر لئے۔زخمی ملزم عبید عباسی کو شہید اسپتال منتقل کیا گیا
جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان شہباز اور خالد کو مقامی تھانے منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا مختلف علاقوں میں ڈاکوئو ں کی فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔چھیپا حکام کے مطابق پہلا واقعہ شیرشاہ کے علاقے میں پنکھا ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔زخمی شخص کی شناخت 25 سالہ اسرار کے نام سے کی گئی ہے، جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسرا واقعہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں پیش آیا، جہاں ڈاکو کی فائرنگ سے ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔چھیپا حکام کے مطابق زخمی شخص کو بھی سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 30 سالہ زبیر کے نام سے ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی