کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق ملیر بکرا پیڑی آسو گوٹھ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلئے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 55 سالہ فاروق کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او ملیر سٹی کے مطابق واقع زاتی جھگڑے کے دوران کی گئی فائرنگ سے پیش آیا ہے۔ دریں اثنا لیاری کے علاقے کلری نیازی چوک کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کیلئے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت زاکر اور اکرام کے نام سے کی گئی۔ کلری پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ زاتی جھگڑے کے باعث پیش آیا ہے ، پولیس دونوں واقعات سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔ دورسری جانب کورنگی زمان ٹائو ن کے علاقے میں ڈکیتی کی ایک واردات میں ڈکیت گھر سے لاکھوں کیش اور اہم دستاویزات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
کورنگی سیکٹر 35 کبڈی گرائو نڈ کے ایک گھر میں نقب زنی کی واردات میں نامعلوم چور لاکھوں روپے کیش اور اہم دستاویزات لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس کی ٹیم اطلاع ملنے پر تفتیش کے لیے گھر پہنچ گئی۔متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ گھر والے سب امام بارگاہ گئے ہوئے تھے، جب گھر واپس آئے تو سارا سامان بکھرا ہوا تھا، چور 10 سے 12 لاکھ کیش، شناختی کارڈز، پاسپورٹ اور دیگر سامان لے گئے۔متاثرہ فیملی کے مطابق انھیں ایک پڑوسی نے بتایا کہ رکشے میں 2 افراد کو گھر کے باہر دیکھا گیا تھا۔ کرائم سین یونٹ کی جانب سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ادھر، گلبرگ پولیس کا اپوا کالج گرائونڈ کریم آباد کے قریب ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس میں ایک ملزم ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ، 3 موبائل فون برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت احمد شاہ عرف بیٹری کے نام سے ہوئی ہے، ملزم علاقے میں خوف و ہراس کی علامت تھا، اور اس کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل رہیں، احمد شاہ کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے، جب کہ اس کا ساتھی شیراز عرف بھانجا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی