کراچی کے علاقے اورنگی ٹائو ن میں گھر کے دروازے پر کھڑے شخص کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر اسے بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹائو ن کے سیکٹر 11 میں ڈکیتی کے دوران معمولی مزاحمت پر ایک شخص کو بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کیاگیا جس کی شناخت سجاد شوکت کے نام سے ہوئی۔واقعے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا گیا کہ شہری بچوں کے ساتھ گھر کے دروازے پرکھڑا تھا جس دوران موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان شہری کے پاس آکر رکے، شہری نے حملہ آورکو دیکھ کر معمولی مزاحمت کی جس پرملزمان نے اسے بچوں کے سامنے گولی ماردی۔قتل کے واقعے کے وقت ایک بچہ مقتول کی گود میں اور دوسرا ساتھ کھڑا تھا۔پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔دریں اثناء ملیر کے علاقے قائدآباد، ریڑھی روڈ پر پولیس اور ڈاکوئو ں کے درمیان مبینہ مقابلہ کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت اخراج عرف عبداللہ ولد سراج کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، دو موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔برآمد ہونے والے اسلحہ کو فرانزک جانچ کے لیے روانہ کردیا گیا ہے، جبکہ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جارہا ہے۔دوسری جانب فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ترجمان ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی مکمل کی جارہی ہے اور علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی