i پاکستان

کراچی، ایف سی ایریا کے مکینوں کا پانی و بجلی کی بندش پر شدید احتجاج، ٹریفک جام،شہریوں کو شدید پریشانی کا سامناتازترین

September 19, 2025

کراچی کے علاقے ایف سی ایریا کے مکینوں نے پانی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ناظم آباد سے لیاقت آباد 10 نمبر جانے والی دونوں سڑکوں کو آمد و رفت کے لئے بند کر دیا، جس کے باعث شہر کے مصروف ترین علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی روز سے علاقے میں نہ پانی دستیاب ہے نہ ہی بجلی، جبکہ متعلقہ ادارے مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک پانی اور بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جاتی، احتجاج ختم نہیں ہوگا۔احتجاج کے باعث ناظم آباد سے سائٹ ایریا تک ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق چند گھنٹے قبل بھی اسی مقام پر احتجاج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پانی اور بجلی کی فراہمی جلد بحال کر دی جائے گی، تاہم وعدہ وفا نہ ہونے پر شہری دوبارہ سڑکوں پر نکل آئے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل انتظامات کئے گئے تھے ۔ ترجمان نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور بلا ضرورت اس راستے سے گریز کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی