i پاکستان

کوئٹہ، افغان مہاجرین کو رضاکارانہ وطن واپسی کی ہدایت، تین روز کی مہلتتازترین

October 07, 2025

کوئٹہ کے سب ڈویژن سریاب میں مقیم افغان مہاجرین کو تین دن کے اندر رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سریاب میں آباد افغان شہری اپنے کاروبار، دکانیں اور دیگر سرگرمیاں تین روز کے اندر بند کریں، مہلت ختم ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ نے رضاکارانہ طور پر وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین سے کہا ہے کہ وہ فوکل پرسن سے رابطہ کریں تاکہ ان کی واپسی کا عمل باضابطہ طور پر مکمل کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈائون کو وموثر بنانے کے لیے مقامی سطح پر بھی اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ 26 ستمبر کو وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں موجود پانچ افغان مہاجرین کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وزارت امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران نے افغان مہاجرین کیمپس کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کیمپس کی زمین صوبائی حکومت اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ بند کیے گئے افغان مہاجرین کیمپس میں تین ڈسٹرکٹ ہری پور، ایک ایک ڈسٹرکٹ چترال اور دیر اپر میں تھے، 40 سال پرانے ہری پور کے پنیان کیمپ میں 1 لاکھ سے زائد مہاجرین رہائش پذیر تھے۔یو این ایچ سی آر کے مطابق اس وقت افغان مہاجرین کی زیادہ تعداد خیبر پختونخوا میں ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی