i پاکستان

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی ہندو پجاری نرسنگھا نند کے توہین آمیز اور اشتعال انگیز بیانات کی مذمتتازترین

October 07, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے ایک ہندو پجاری نرسنگھا نند کے توہین آمیز اور اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا بھر کے مسلمانوں پر حملہ قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،ایڈوکیٹ پرویز احمد ،مشتاق احمد بٹ اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں تشویش اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے عالمی سطح پر مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ مسلمان اپنے والدین، بچوں اور اپنی جانوں سے بھی بڑھ کر پیغمبر اسلام کی تعظیم کرتے ہیں اس لیے کوئی بھی مسلمان اس قسم کے گستاخانہ بیان کو برداشت نہیں کر سکتا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کے پیروکار مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں جس سے اقلیتوں میں خوف اوراحساس عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے۔انہوں نے نرسنگھا نند کے بیانات کو اسلامو فوبیا کا مظہر قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام اقلیتوں کے مذہبی، سیاسی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی