i پاکستان

خلیل الرحمن قمر کیس،ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت مستردتازترین

September 04, 2024

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمن کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمے کی سماعت کی، خلیل الرحمن قمر کی جانب سے وکیل زین علی قریشی اور مدثر چوہدری نے دلائل دیے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ واضح رہے کہ آمنہ عروج نے مقدمے میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ یاد رہے کہ خلیل الرحمن قمر کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش کا معاملہ جولائی کے آغاز میں سامنے آیا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریبا تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ بعد ازاں ڈراما ساز کی آمنہ عروج کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں اور پولیس نے اس پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ آمنہ عروج اور ان کے دیگر ساتھی ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، 17 اگست کو ملزمان کو مزید 15 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی