خیبرپختونخوا کے سرکاری ریسٹ ہاوسز میں وی آئی پی شخصیات اور ان کی فیملیز کے مفت قیام پر پابندی عائد کر دی گئی۔ صوبائی مشیر سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ زاہد چن زیب نے سرکاری ریسٹ ہاسز میں وی آئی پی شخصیات اور فیملیز کے مفت قیام پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ مشیر سیاحت خیبرپختونخوا زاہد چن کا کہنا تھا کہ وی آئی پی اور انکی فیملیز مفت کئی کئی روز تک قیام کرتے تھے،اس بار ے میں مشیر سیاحت کو عوامی حلقوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات پرسرکاری ریسٹ ہاسز میں مفت قیام پر پابندی لگائی ہے، وی آئی پیز اور ان کے خاندان کی وجہ سے عوام کے لئے سرکاری ریسٹ ہاسز میں جگہ نہیں ہوتی تھی۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا کلچرل اینڈ ٹورازم اتھارٹی سمیت، کیلاش، گلیات، کاغان، اپر سوات اور کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان سمیت تمام متعلقہ حکام کو بھی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت کے اعلی حکام سے لیکر وہ خود یا ان کی فیملیز بھی گنجائش کے مطابق ان ریسٹ ہاسز میں قیام کریں تو ان سے بھی قانون کے مطابق واجبات وصول کئے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی