i پاکستان

خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ، بیرسٹرسیفتازترین

November 02, 2024

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاہے کہ صنعتی انقلاب کیلئے اپنی پاورٹرانسمیشن لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ بن گیا ۔ایک بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی کی قیادت میں کے پی ایک بار پھردیگر صوبوں پر سبقت لے گیا، اس سلسلے میں ایک نجی کمپنی سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے جس میں 8 ارب روپے کی لاگت سے اس انقلابی منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا۔بیرسٹرسیف کا کہنا تھاکہ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے صنعتوں کو انتہائی سستی بجلی فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں سوات مٹلتان سے مدین تک 40 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی، پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 7 ارب روپے آمدن ہوگی۔صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہناتھا کہ سوات میں پیدا ہونے والی بجلی مقامی صنعتوں اور نیشنل گرڈ سٹیشن کو فراہم کی جائے گی، منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی