وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے طے شدہ شرط پر عملدرآمد نہ کرنے سے متعلق وزارت خزانہ کو لکھے جانیوالے خط کو ملک کے خلاف ساز ش قرار دیدیا ہے، ہفتہ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ اسلا م آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے اورتوقع ہے کہ پیر کو آئی ایم ایف بورڈ سے ساتویں و آٹھویں اقتصادی جائزے کی منظوری کروالی جائے گی،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو اگلی قسط مل جائے گی، پی ٹی آئی نے پنجاب کو بھی لیٹر لکھنے کا کہا تھا مگر پنجاب نے لیٹر لکھنے سے انکار کردیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو فی خاندان 25ہزار دیں گے، اگلے ہفتے 11.5لاکھ خاندانوں کو یہ پیسے مل جائیں گے، بلوچستان میں پیسے مل رہے ہیں جبکہ سندھ میں بھی ملنا شروع ہوجائیں گے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنمافواد چوہدری نے بھی کہا تھا کہ کے پی وفاق سے تعاون نہ کیا جائے پنجاب کے فنانس ڈویژن کو بھی کہا گیا کہ تعاون نہ کریں، لیکن پنجاب کے وزیر اور سیکرٹری نے انکار کردیا ہے پاکستان پانی میں ڈوب رہا ہے اور یہ سیاست کررہے ہیں۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی