پنجاب اور سندھ میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون سمیت تین دو افراد جاںبحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق پنجاب کے علاقے کامونکی میں نامعلوم کار نے دو خواتین کو ٹکر مار دی، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق دوسری شدید زخمی ہوگئی۔جی ٹی روڈ بائی پاس کے قریب دونوں ساس بہو سڑک کراس کررہی تھیں، تیز رفتار کار نے کچل دیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، دوسری کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی خواتین فیصل ٹائون کامونکی کی رہائشی تھیں،حادثے کے بعد نامعلوم کار سوار موقع سے فرار ہوگیا، زخمی خاتون کی بھی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات اور کار سوار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، کار سوار کو جلد حراست میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔ دوسری جانب شکار پور میں مسافر کوچ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جان بحق، خواتین اور بچوں سمیت 12 مسافر زخمی ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال شکارپور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری اور دھند کے باعث پیش آیا، واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ ٹھل سے کراچی جا رہی تھی۔ دریں اثنا لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے ایم-2 ساتھ پر خانقاہ ڈوگراں کے قریب ایک ٹرک کے پچھلے ٹائروں میں آگ لگ گئی تاہم موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے حادثے سے بچائو ممکن ہو گیا۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور پولیس اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے۔ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی آمد سے قبل ہی موٹروے پولیس نے آگ پر قابو پا لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک کے پہیے جام ہونے کے باعث ٹائروں میں آگ لگی جس سے ٹرک جزوی طور پر متاثر ہوا خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کی فوری اور موثر کارروائی کے باعث قیمتی جان و مال دونوں محفوظ رہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی