i پاکستان

کامیاب ترین ہڑتال سے حکومت ناکام ہوئی ، معاشی دہشتگردی بند کر کے عوام کو انکا حق دینا ہوگا، حافظ نعیم الرحمانتازترین

August 29, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہکامیاب ترین شٹرڈائون ہڑتال سے حکومت ناکام ہوئی، حکومت کو معاشی دہشتگردی بند کر کے عوام کو ان کا حق دینا پڑے گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والوں کو پتہ چل گیا ہے، انہوں نے کوشش کی تھی کہ لوگوں کو آگے پیچھے کرائیں ۔حکومت بالکل ناکام ہوئی ہے ،ہڑتال کامیا ب رہی ہے ۔ ملک میں معاشی دہشتگردی ریاستی اور حکومتی سطح پر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی دہشتگردی بند کر کے لوگوں کو حق دینا پڑے گا، جو بجلی بن نہیں رہی، استعمال نہیں ہو رہی اس کی قیمت چند لوگوں کو قوم دے رہی ہے، مخصوص قسم کا طبقہ آئی پی پیز کے نام پر فائدہ حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا آئی پی پیز کو انکم ٹیکس میں 12 سو سے 13 سو ارب روپے تک کا استثنیٰ دیا گیا، آئی پی پیز کو 2 ہزار ارب سے زائد عوام ادائیگی کررہی ہے، یہ مسئلہ حکمران طبقے کا پیدا کردہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اپنی آئی پی پیز کے پیسے تو ختم کریں، یہ اپنے پسندیدہ لوگوں کو سیکڑوں ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ دے رہے ہیں،کیپسٹی پیمنٹ نہ جائے تو فی یونٹ 25 روپے کم ہوسکتی ہے۔ 5 آئی پی پیز کے معاہدے پورے ہوچکے ہیں ان کو فارغ کریں، آپ اپنے لئے کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں تو چائنہ سے کیا بات کریں گے، چین ہمارا دوست ہے، بات کرنے والے لوگ ہونے چاہئیں سب سے ہو سکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزرا سے پوچھ لیں کہ آپ کو کتنا پٹرول ملتا ہے تو یہ کسی سے کیا بات کریں گے، یہ سب لوگ معاہدوں پر آپس میں ملے ہوتے ہیں، تنخواہ دار طبقے سے کہتے ہو انکم ٹیکس دو، آئی پی پیز کے مگرمچھ انکم ٹیکس دیتے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں آئی پی پیز کو فائدہ پہنچانے والی ہیں، یہ آئی پی پیز ہزاروں ارب روپے انکم ٹیکس کھا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے سیاسی اعتبار سے بھی نیا ٹرینڈ پاکستان کو دیا ہے، قوم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے تاریخی ہڑتال، یکجہتی کا مظاہرہ کیا، سوشل میڈیا پر قوموں کو ٹکرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان یہ برداشت نہیں کر سکتا، جماعت اسلامی کی ہڑتال میں تمام لوگ اکٹھے تھے، کل پنجاب اور پورا سندھ بند تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ناگ بن کر بیٹھی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی حکومت کے سارے عمل میں شریک ہے، پرانی پی ڈی ایم پھر سے زندہ کی جا رہی ہے،یہ کیا دھندا ہے۔شٹر ڈائون ہوگئی اب اگلا مرحلہ پہیہ جام ہڑتال کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، لوگوں کو کہیں گے کہ ایک روز اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنا احتجاج نوٹ کرائیں، جماعت اسلامی ملک گیر ممبرشپ مہم چلائے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہر بار مسلم لیگ ن بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کے لئے قانون میں تبدیلی کردیتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی