وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بین الاقوامی حمایت تمام ان ملکوں سے آرہی ہے جو اسرائیل کے کٹر حامی ہیں، جنکی حمایت کی بدولت اسرائیل کا وجود ہے اور ان ملکوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا بلکہ فلسطینیوں کے قتل عام کے سہولت کار ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں ملکوں سے جو بھی افراد عمران خان کی حمایت میں آواز اٹھا رہے ہیں وہ بھی یا خود صیہونی ہیں یا کھلے عام ان کی مسلم دشمن پالیسیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کیا یہ محض اتفاق ہے یا یہ ممالک اور افراد کسی ایسے ایجنڈے پر کام کر رہے جس سے پاکستان میں ان کی پراکسی عمران خان حکمران بن کر پاکستان کی ایٹمی قوت کو لپیٹے اور اپنے مالکوں کی کلائنٹ اسٹیٹ بنانے کے ان کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کرے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ سب اتفاق ہے یا پاکستان ایک سازش کا نشانہ ہے جس کی تکمیل عمران خان کے ذمہ لگائی گئی ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی