الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نے عام انتخابات میں خواتین کو 5 فیصد نشستیں نہ دینے کے معاملے پر 7 سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار ارکان الیکشن کمیشن نے درخواست کی سماعت کی۔جماعت اسلامی،عوامی نیشنل پارٹی،جمعیت علما ئے اسلام پاکستان امام نورانی،پاکستان عوامی تحریک، پاکستان راہ حق،جمعیت علما اسلام ایس کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔الیکشن کمیشن نے 7 سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ جنرل نشست پر پانچ فیصد ٹکٹ خواتین امیدوار کو نہ دینے پر سیاسی جماعت کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے گا۔ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ خواتین کوجنرل نشست پر پانچ فیصد کا کوٹہ دیا تھا یا نہیں، عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔ اگر خواتین کو کوٹہ نہیں دیا گیا تو کیوں نہیں دیا گیا۔ خواتین امیدواروں کو اکثر ٹکٹ ایسے حلقے سے دی جاتی ہے جہاں پارٹی کا ووٹ نہیں ہوتا۔ دس جماعتوں نے خواتین کو پانچ فیصد جنرل نشست پر کوٹہ دینے پر عملدرمد نہیں کیا۔ اگر پانچ فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دی جاتی تو اسکے کیا اثرات ہوں گے۔بی این پی مینگل کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ہمیں 2 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔ ٹی ایل پی کے وکیل نے بھی جواب جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق بی این پی مینگل نے خواتین کو 3.84 فیصد ٹکٹس دیں۔سلیمان خان قبائل موومنٹ نے بھی جواب جمع کروانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا جبکہ جمعیت علما اسلام پاکستان نورانی کے وکیل پیش ہوئے اور کہا کہ ہمارے میرے امیدواروں نے الیکشن لڑا نہیں۔ کاغذات واپس لے لیے تھے۔ ہم پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔ ہمارے 14 امیدوار تھے جن میں ایک خاتون تھیں تاہم سب نے کاغذات واپس لے لیے تھے۔ ممبر الیکشن نے ہدایت کی کہ آپ اپنا تحریری بیان ، بیان حلفی کے ساتھ جمع کروا دیں۔وکیل پاکستان نظریاتی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ ہمارے 63 امیدوار تھے۔ پنجاب میں ہماری زیادہ امیدوار تھے جہاں ہم نے خواتین کو کوٹہ دیا۔ باقی صوبوں میں ہمارے دو، تین امیدوار تھے جس میں کوٹہ بنتا نہیں تھا۔ ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا خواتین کو پانچ فیصد جنرل نشست پر ٹکٹ کا کوٹہ دینے کا اطلاق کیا سینیٹ پر بھی ہے؟الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ میں خواتین کو پانچ فیصد جنرل نشست پر ٹکٹ کا کوٹہ دینے کے معاملے پر لفظ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں استعمال کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشننے سینیٹ میں 5 فیصد ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی