جنوبی وزیرستان میں خوارج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے چار جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حوالدار نثار حسین شہید، نائیک راشد گل شہید، نائیک عرفان اللہ خان شہید اور سپاہی عثمان رفاقت شہید کی نماز جنازہ اور تدفین میں افسران، جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہدا کو اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 13 اگست کو ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے جوان جام شہادت نوش کر گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی