اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو موبائل تک رسائی دینے کے الزام میں ایک اور افسر کیخلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔ ذرائع مطابق بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں سہولت کاری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے بعد جیل کے ایک اور افسر کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کو حراست میں لینے کے بعد اپنی پوچھ گچھ مکمل کر لی، مزید پیشرفت کیلئے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کا موبائل فون ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال بانی پی ٹی آئی کے سیل تک رسائی رکھتے تھے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوکمرہ عدالت میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے سرگوشیاں کرتے بھی دیکھا گیا تھا جس نے صورتحال کو مزید مشکوک بنا دیا جس بنا پر انکوائری شروع کر دی گئی،ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ دونوں افسران پر بانی پی ٹی آئی کو موبائل تک رسائی دینے کا الزام بھی ہے۔ خیال رہے کہ سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لیا ہے، محمد اکرم پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا جس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی