پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ، لاہور کے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر عوام ہر صورت مینار پاکستان پہنچیں گے۔ اپنے بیان میں مسر ت جمشید چیمہ نے کہا کہ جعلی حکومت کے وزراء کے بقول بانی پی ٹی آئی غیر مقبول ہیں ، اگر ایسا ہے تو یہ لوگ بوکھلائے ہوئے کیوں ہیں، انہیں دن رات بیٹھتے اٹھتے کیوں عمران خان کا ذکر کرنا پڑتا ہے ؟، عمران خان کی جانب سے جلسے کی کال کے بعد کیوں پولیس کو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی ڈیوٹی سونپی گئی ؟ ۔سچ یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مقبولیت کے نام نہاد دعویداروں کے حواس پر سوار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تبدیلی اور شعور کا استعارہ ہیں ، جعلی حکمران جو مرضی کر لیں عمران خان کو عوام کے دلوں سے باہر نہیں نکال سکتے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی