جعلی دستاویزات پر سفرکی کوشش کرنے والے افغان شہری سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر گرفتار ہونے والے مسافروں کی شناخت بشیر احمد اور اختر حسین کے نام سے ہوئی۔ بشیر احمد کا تعلق افغانستان سے ہے۔ بشیراحمد نے جعلی دستاویزات پر جرمنی سفرکرنے کی کوشش کی۔امیگریشن کلیرئینس کے دوران ملزم کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا جس کے بعد پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو سیکنڈ لائن آفس کے فرانزک پراسیس سے گزارا گیا۔ افغان شہری میڈیکل ویزہ کی آڑ میں چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق افغان شہری بشیراحمد میڈیکل ٹریٹمنٹ اور اسپتال کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ بشیراحمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویزہ کی کڑی چھان بین کی وجہ سے میڈیکل کی بنیاد پر پاکستانی ویزہ حاصل کیا۔ ویزے کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کیں۔ عبداللہ عزیز نامی ایجنٹ سے 1500 افغانی کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کیں۔ افغان شہری کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔ایک اور کارروائی میں عراق سے آنے والے مسافر گرفتار کر لیا گیا۔ اخترحسین نامی مسافر کی دستاویزات کو بھی امیگریشن کے دوران مشکوک پایا گیا۔ مسافر کے پاسپورٹ پرموجود عراقی ویزہ جعلی تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے چکوال میں قیصر نامی ایجنٹ سے 2 لاکھ روپے کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کیں۔ مسافر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے۔مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی