i پاکستان

یوم دفاع کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، مریم نواز، حمزہ شہبازتازترین

September 06, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، عوام مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے ہوں گے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دھرتی کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، 6 ستمبر کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہمارے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان و یقین سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آج کا پاکستان مضبوط ہے اور دفاع ناقابل تسخیر ہے، آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری فوج پہلے سے بھی زیادہ پراعتماد ہے، ایٹمی دھماکے کرنے والیمحمد نواز شریف کو سلام پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عوام مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے ہوں گے، یوم دفاع پر بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے بے گناہ لوگوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری بہادر افواج اور قوم کے جذبے اور عزم صمیم کا دن ہے، دشمنوں کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملانے والی افواج پاکستان کی قربانیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سے کہیں بڑی اور بہتر اسلحے سے لیس بھارتی فوج کو 65 کی جنگ میں سبق سکھایا گیا، وطن کی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ کو اس کے مطابق جواب دیا گیا، مملکت خداداد شہدا کے لہو سے سینچا گیا گلستاں ہے۔ حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ امن کا زمانہ ہو یا جنگ کا، افواج پاکستان کی قربانیوں کا کوئی تقابل نہیں، جس طرح 65 کی جنگ میں افواج نے قوم کے ساتھ مل کر وطن کا دفاع کیا ویسے ہی آج کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے بھی یکجا ہو کر نمٹا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی