وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل جدت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلی مریم نواز سے پی ٹی سی ایل گروپ کے صدر اور سی ای او حاتم باماترف اور گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر نوید خالد بٹ کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں ڈیجیٹلائزیشن اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے لیے تعاون پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں حاتم باماترف نے وزیراعلی مریم نواز کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا اور تعاون کا ہقین دلایا، تاہم اس دوران انہوں نے عوامی منصوبوں کیلئے پی ٹی سی ایل کی جانب سے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور بہتر کنیکٹیویٹی کے امور پر بریفنگ بھی دی۔ ملاقات کے دوران شہری اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی بہتر بنانے کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر کی توسیع اور بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای کامرس اور فری لانسنگ سروسز سے روزگار کے حصول کیلئے تیز انٹرنیٹ انتہائی اہم ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز پراجیکٹس دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں طور پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل جدت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، لاہور میں فری وائی فائی سروس کا آغاز کیا گیا ہے، دیگر اضلاع میں بھی جلد شروع کی جائیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی