حیدر آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی۔ چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے۔ دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ آگ کے باعث متعدد افراد بھی جھلس گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ دھماکے کا ایک اور زخمی کراچی میں چل بسا ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 12 تک جاپہنچی ہے جب کہ زیر علاج 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب پریٹ آباد واقعہ کے بعد شہر میں ایل پی جی کی دکانیں بند کرا دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرکا کہنا ہے کہ ایل پی جی کا کاروبار کرنے والوں کو این او سی لینا ہوگی، آبادی میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہائی ویز پر ایل پی جی کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی