i پاکستان

گزشتہ شب جو کچھ ہوا وہ بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوا، بیرسٹر سیفتازترین

September 10, 2024

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گزشتہ شب جو کچھ ہوا وہ بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی کبھی نہیں ہوا۔ تحریک انصاف کے رہنماوں کی گرفتاریوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت جتنی بھی فسطائیت دکھائے، پی ٹی آئی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ جعلی حکومت کی فسطائیت پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کو مزید تقویت بخشتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکال دیا۔ اسلام آباد کے ایوانوں میں رات بھر لاقانونیت راج کرتی رہی۔ پارلیمنٹ پر شب خون مارکر بے توقیری کی گئی۔ پارلیمنٹ سے معزز اراکین کو اٹھاتے رہے جب کہ اسپیکر ہاتھوں پہ ہاتھ دھرے تماشا دیکھتے رہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کل رات جوا ہوا وہ کبھی بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوا ہے۔ ہمارے معزز وکلا اور اراکین پارلیمنٹ کو بے توقیری کے ساتھ اٹھایا گیا۔ ایک جلسے کی کامیابی سے بد حواسی کا یہ عالم ہے۔ عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی