سندھ کے علاقہ گھوٹکی میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔وزیراعلی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔تفصیل کے مطابق گھوٹکی کے علاقے رونتی تھانہ کے قریب گوٹھ میانی میں پولیس اہلکاروں پرنامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ گولیاں لگنے سے تین پولیس اہلکارشہید ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکاررونتی تھانہ پرڈیوٹی پرجا رہے تھے، شہید ہونے والے اہلکاروں میں عبدالسمی سموں،عبد الحنان، اورشفیق احمد گل شامل تھے۔شہید پولیس اہلکاروں کی میتوں کو تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری چوکی کچے کے علاقے کی جانب روانہ کردی گئی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے ایک مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے، آخری اطلاعات تک علاقے کو چاروں جانب سے گھیر کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں جہانگیر، امتیازاور طارق شامل ہیں، پولیس کی بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکوں کی تلاش جاری ہے۔دریں اثناء وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے گھوٹکی میں رونتی تھانے کے قریب گھوٹھ میانی میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اورپورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے فائرنگ کرنے والے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے پراظہارافسوس کرتے ہوئے سوگوارخاندان سے اظہارہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی