پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری میں تاخیر کے بعد کسان تنظیموں نے مل کر احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔کھوکھر گروپ کے سوا کسان اتحاد کے تمام گروپ مل کر جدوجہد کرنے پر متفق ہوگئے، کسان بورڈ نے بھی احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے کہا کہ(آج)لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، احتجاج کے دوران تمام شاہراہوں کو بند کریں گے، جلوسوں میں کسانوں کے بچے بھی شریک ہوں گے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق فلور ملز سیڈ اور فیڈ ملز نے خریداری شروع کر دی، فلور ملز کا 10لاکھ ٹن گندم خریداری کا ہدف ہے۔ذرائع کے مطابق سیڈ ملز نے 6لاکھ ٹن کا ہدف رکھا ہے، اس سال حکومت کی طرف سے اوپن پالیسی کا فائدہ اٹھایا جائے گا، پہلی بار حکومت کے بجائے پرائیویٹ سیکٹر کھل کر گندم خرید رہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت 10سے کم نمی والی گندم کا ریٹ 3350ہے، 20تک نمی والی گندم کا ریٹ 3000کے لگ بھگ ہے، پنجاب حکومت نے فی الحال 16فیصد نمی والی گندم نہ خریدنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، حالات دیکھ کر فیصلہ تبدیل ہو سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی