گلگت بلتستان کا 77 واں جشن آزادی یکم نومبر کو قومی جوش و جذبے سے منایا گیا ، یوم آزادی کے موقع پر گلگت بلتستان میں عام تعطیل رہی ۔جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، مرکزی تقریب یادگار شہدائے چنارباغ میں منعقد ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلی بلتستان حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس سمیت اعلی حکام اور عمائدین نے بھی شرکت کی، اس موقع پر یادگارِ شہدا پر پھول رکھے گئے، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے عظیم قربانیاں دے کر اس خطے کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا تھا، شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ملک کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس کے علاوہ آرمی ہیلی پیڈ میں بھی جشن آزادی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلی سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔یکم نومبر 1947 وہ دن جب گلگت بلتستان کو ڈوگرا راج سے آزادی ملی، گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کے ساتھ الحاق تھا، گلگت اسکاٹس اور مقامی جانبازوں نے ڈوگرا راج کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے مہاراجہ کے کنٹرول کا خاتمہ کر دیا۔ڈوگرا راج کے خاتمے کے بعد گلگت کی فضاں میں پہلی بار پاکستانی پرچم لہرایا گیا، 1948 میں ایک سال کی جدوجہد کے بعد بلتستان کو ہندوستان کے تسلط سے بھی آزاد کرا لیا گیا، گلگت بلتستان سیاحتی، معاشی اور ثقافتی اعتبار سے بھی اہم مقام ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی