ملک بھر میں ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کیخلاف فلورملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں آٹے کا سٹاک ختم ہونے سے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ ملز مالکان نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف مطالبات تسلیم کیے جانے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جس سے آٹے کی ملز میں تالے لگ گئے اور کام بند ہو گیا ہے، کام بند ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹوں کو آٹے کی ترسیل بند ہونے سے قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے آٹا ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اب تک ان سے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا،ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے تک فلور ملز بند رہیں گی۔ ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی بندش کے باعث لاہور کی متعدد مارکیٹوں میں آٹے کا 3 روز کا سٹاک رہ گیا، ملز سپلائی دیں گی تو ہی شہریوں کو آٹا فراہم کر سکیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی