فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایت پر رواں ماہ صارفین کی 30دنوں کی بلنگ کو یقینی بنانے کیلئے پروریٹا (Pro-Rata)بلنگ پروگرام سوفٹ وئیر کا آغاز کردیا۔اس بلنگ پروگرام کے تحت ریجن بھرکے آٹھ اضلاع کے صارفین کو تیس دنوں کی کھپت کے لحاظ سے بلوں کا اجراء ہوا۔اس بلنگ پروگرام کا اجراء صارفین کی درست اور بروقت بلنگ کو یقینی بنانے کی ایک کڑی ہے۔ماضی میں صارفین کی طرف سے زائد دنوں کی ریڈنگ کا احتمال بھی ظاہر کیاجاتا تھا۔ریجن بھر کے آٹھ اضلاع فیصل آباد،جھنگ،سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ،بھکر،خوشاب اور میانوالی کے صارفین کو ماہ اپریل میں مختلف بیجز میں 30دنوں کے حساب سے بلوں کا اجراء کیاگیا۔یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ اس پروگرام کے نفاذ سے قبل بھی فیسکو اپنے صارفین کو 30دنوں کے حساب سے بلنگ کررہی تھی اور ریجن بھر میں کہیں زائد ریڈنگ نہیں تھی۔نئے پروریٹا(Pro-Rata)بلنگ پروگرام میں جدیدسوفٹ وئیرکی مدد سے صارفین کی صارفین کی کم دنوں مثلاً 28دنوں کی بلنگ کو 30دن جبکہ زائد دنوں یعنی 32یا 33دنوں کی بلنگ کو بھی جدیدپروگرام کی مدد سے 30دنوں کی بلنگ کرنے میں مددملی ہے۔کمپنی کی اس کارکردگی کو وزارت کی جانب سے سراہا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامرنے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی،بہتر کسٹمر سروسز بالخصوص بجلی کی کھپت کے لحاظ سے درست بلنگ کو یقینی بنایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی