پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کا کہنا ہے کہ فارم 47 والوں کے دل میں سیاسی بغض ہے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانا ثنا اللہ شام کو ایک ٹاک شو میں بیٹھ کر کہتے ہیں کہ نیا کیس لے کر آرہے ہیں، 9 مئی کے بعد فسطائیت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کے خلاف عدت کیس میں ان کی کردار کشی کی گئی، 29 مئی کو فیصلہ آنا تھا کہ لیکن فیصلہ شدہ فیصلہ سنانے کے بجائے خاور مانیکا کی تقریر سنائی گئی، وکلا پر مقدمات درج کیے گئے اور گالم گلوج کی گئی۔ کنول شوزب نے کہا کہ پولیس کو استعمال کر کے ہمارے خلاف مقدمات درج کیے گئے لیکن ہم قانون کی پاسداری چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں رول آف لا ہو۔ میرے خلاف بہاولپور میں الیکشن ٹریبونل میں کیس ہے لیکن میں یہاں پیش ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے ہمیں انصاف کی امید ہے، ججز کو بھی سلام پیش کرتی ہوں جو حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی