i پاکستان

فائر وال کی تنصیب و انٹرنیٹ بندش کیخلاف درخواست پر اعتراضات دور، (آج)سماعت کے لیے مقررتازترین

August 19, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر کے اپیل پر سماعت (آج) منگل کے لیے مقرر کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے اعتراض کے ساتھ درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل درخواستگزار ایمان مزاری نے بتایا کہ درخواست پر رجسڑار آفس نے اعتراض عائد کررکھا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ تین اعتراضات کو جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے، چوتھا اعتراض درخواست میں نامناسب زبان کے استعمال کا ہے۔ اس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے صرف ٹویٹ ساتھ لگایا ہے، اس میں نامناسب زبان استعمال نہیں کی گئی، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ کل ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے(آج) منگل کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی عدالت نے رجسڑار آفس کے اعتراضات دور کردیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی