وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان کو بے بنیاد، گمراہ کن اور زمینی حقائق کے سراسر منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی بیان بازی کی نذر کرنا شہدا و متاثرہ عوام کی قربانیوں کی کھلی توہین ہے۔اپنے ایک بیان میں امیر مقام نے کہا کہ یہ اچھا ہوا کہ وزیراعلی نے پہلی بار اس حقیقت کا اعتراف کر لیا کہ دہشتگرد آئے اور عوام کے گھروں میں گھس گئے، اگر یہ احساس انہیں پہلے ہو جاتا تو شاید حالات اس حد تک نہ پہنچتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی کا یہ کہنا کہ دہشت گرد آئے اور گھروں میں گھس گئے دراصل ان کی اپنی ناکام طرزِ حکمرانی کا اعتراف ہے، سوال یہ ہے کہ دہشت گرد کس کی حکومت میں آئے اور صوبائی حکومت نے ان کے خلاف کیا مثر کارروائی کی؟انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں سیاسی مقاصد کے لئے متنازعہ بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے نام پر صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے فنڈز لئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی