i پاکستان

دھند،سرگودھا ، گوادر اور شجاع آباد میں ٹریفک حادثات، 25افراد جاں بحق، کئی زخمیتازترین

January 17, 2026

شدید دھند کے باعث سرگودھا ،گوادر اور شجاع آباد میں الگ الگ ٹریفک حادثات میں 25افراد جاںبحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ گلہ پور بنگلہ کے قریب 23 افراد منی ٹرک میں سوار ہوکر جا رہے تھے تاہم شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر منی ٹرک سڑک سے اتر کر خشک نہر میں جاگرا۔ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور دیگر شدید زخمی ہونے والے افرد کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ حادثے کا شکار افراد جنازے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔11 زخمیوں میں سے مزید 3 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ نہر کو وارہ بندی کیلئے بند کیا تھا جس کے باعث اس میں پانی نہیں تھا۔دوسری جانب گوادر میں مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ گوادر میں ہڈ گوٹھ کے مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 9 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔پولیس کیمطابق مسافر کوچ کراچی سے جیونی جارہی تھی، حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ادھر شجاع آبادمیں اڈالاڑ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے روڈ پر جاتی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون اور اس کا بیٹا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 50 سالہ نسرین اور بیٹے کی 18 سالہ علی اصغر کے نام ہوئی جو اپنے رشتہ داروں سے ملنے ملتان جا رہے تھے۔جاں بحق خاتون اور اس کے جواں سالہ بیٹے کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی