ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹر میں عوام کو الیکشن سے متعلق رابطہ اور شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی، شکایت کے بروقت ازالے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے عوام کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سینٹر قائم کیے ہیں، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں شکایات کے اندراج کے لیے ای میل complaints@ecp.gov.pk پر رابطہ کر سکتے ہیں، مخصوص ہیلپ لائن 051111327000 پر بھی شکایت اندراج کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سینٹر پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک 24 گھنٹے کام کرے گا، فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی