ضلع دادو کی 3 تحصیلوں میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اور جوھی میں سیلابی صورتحال تاحال برقرار تاہم رنگ بند میہڑ پر پانی کی سطح میں ایک فٹ کمی آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رنگ بند میہڑ پر چوکیداری برقرار ہے اور تعمیر و مضبوطی کا کام بند کردیا گیا ہے۔ فلڈ پروٹیکٹیو بند، سپریو بند اور خیرپورناتھن شاہ شہر میں بھی پانی کی سطح کم ہوئی ہے اور پانی کا رخ منچھر جھیل کے طرف ہے۔ رنگ بند جوہی اور گردونواح میں بھی پانی کی سطح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ جوھی رنگ بند پر مضبوطی کا کام بند کرکے نگرانی کی جارہی ہے۔ ادھر سم نالے کا پانی تحصیل دادو کے دیہات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یونین کونسل یار محمد کلھوڑو،مراد آباد اور پیر شاہنواز کے 60 سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں اورسینکڑوں کچے مکانات گرگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے میں مصروف ہیں اور سیلابی پانی سندھ کے قدیمی شہر خدا آباد کے حدود میں بھی داخل ہوگیا ہے۔ سندھ میں 14 برس حکمرانی کرنے والیمیان یار محمد کلھوڑو کے مقبرے میں بھی پانی آگیا ہے۔ میاں یار محمد کلھوڑو کے آبائی شہر فکا میں بھی پانی موجود ہے اور فکا سے انڈس ہائی وے تک سیلابی پانی7 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی